جسٹس(ر) الطاف ابراہیم قریشی نے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کا حلف اٹھا لیا


اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے ممبرپنجاب جسٹس(ر) الطاف ابراہیم قریشی نے قائم مقام چیف الیکشن کمشنرکاحلف اٹھا لیا۔

ذرائع کے مطابق الطاف ابراہیم قریشی سے ممبرخیبرپختونخوا جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصرنے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کا حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں ہوئی جس میں سینئرافسران سمیت اسٹاف نے بھی شرکت کی۔

واضح رہے گزشتہ روز جسٹس ریٹائرڈ سردار محمد رضا عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے۔ آئین کے آرٹیکل 217 کے تحت چیف الیکشن کمشنرکی غیرموجودگی یا عہدہ خالی ہونے کی صورت میں سینئرممبر قائمقام چیف الیکشن کمشنر بن جاتا ہے۔

سردار محمد رضا کی ریٹائرمنٹ کے بعد الیکشن کمیشن کے 2 ممبر رہ گئے ہیں جو کوئی فیصلہ نہیں کرسکتے جس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن غیرفعال ہوگیا۔

دوسری جانب نئے چیف الیکشن کمشنر اور 2 ممبران کی تقرری کےلیے حکومت اوراپوزیشن میں مشاورتی عمل جاری ہے تاہم ابھی اتفاق رائے نہیں ہوسکا۔


متعلقہ خبریں