نیب ملک سے وفاداری کی قیمت ادا کر رہا ہے، جاوید اقبال



راولپنڈی: چیئرمین قومی احتساب بیورو(نیب) جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ ملک سے بد عنوانی کاخاتمہ ان کے ادارے کی منزل ہے اور اس کی نشاندہی کرلی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب ملک میں کرپشن کے خاتمے کا اہم ادارہ ہے اور اس نے کم سے کم پہلی اینٹ تو ضرور رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بد عنوانی نے ملک کو تباہی کے دہانے تک پہنچا دیا ہے اور ہم اس کے خاتمے کیلئے دیانتداری سے اپنا کردارادا کر رہے ہیں۔

جاوید اقبال ایک تقریب میں خطاب کے دوران کہا کہ ملک 100ارب ڈالر سے زیادہ کا مقروض ہوچکا لیکن وہ وقت دور نہیں جب پاکستان بھی ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوگا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ ہم بھی دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں شامل ہوناچاہتے ہیں اور محنت کرکے خوابوں کو حقیقت میں بدلا جاسکتا ہے، عدل و انصاف سے ملک ترقی کی منازل طے کرتے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نیب نے کرپشن کے خلاف عوام میں شعور بیدار کیا اور سفارش کلچر کا خاتمہ کرکے صرف میرٹ کواپنایا، نیب اپنی کارروائیاں بلاامتیازجاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی دولت لوٹنے والوں کو حساب دینا ہوگا، احتساب کرنا اگر جرم ہے تو یہ جرم کرتے رہیں گے، ہماری وفاداری صرف اپنے ملک کے ساتھ ہے اور ہم اس کی قیمت بھی ادا کر رہے ہیں۔

چیئرمین نیب نے بتایا کہ اس ادارے نے قیام سے اب تک 328ارب روپے کی وصولی کی اور 943 ارب روپے کے 1261 مقدمات عدالتوں میں زیرسماعت ہیں۔


متعلقہ خبریں