بی آر ٹی کرپشن، عدالت جس کا بھی کہے گی جیل بھیجیں گے، صداقت علی عباسی



اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی کا کہنا ہے کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے کے کرپشن کیس میں عدالت جس کا بھی کہے گی حکومت اسے جیل بھیجے گی۔

ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے صداقت علی عباسی کا کہنا تھا کہ ہم عدالتوں کے سامنے سر تسلیم خم کرتے ہیں، اگر کسی کو بھی سزا ملتی ہے تو ہم نہیں کہیں گے کہ مجھے کیوں نکالا۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے میں کرپشن ثابت ہونے پر ذمہ داران کو سزا ملنی چاہیے۔

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کی گزشتہ روز منی لانڈرنگ کے متعلق کی گئی پریس کانفرنس پر گفتگو کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کے نیٹ ورک سے متعلق تصاویر دکھائیں۔

’کیا احتساب صرف مسلم لیگ ن کیلئے ہی ہے؟‘

صداقت علی عباسی نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے دفتر میں قائم منی لانڈرنگ کی پوری چین دکھائی کہ کیسے وہاں سے منی لانڈرنگ کی جاتی تھی۔

مائزہ حمید 

پروگرام میں موجود مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والی مہمان مائزہ حمید گجر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی صرف الزامت اور سیاسی حریفوں کو نشانہ بنانے کی سیاست کرتی ہے کیونکہ ان کی کوئی ذاتی کارکردگی تو ہے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر کی گزشتہ روز کی گئی پریس کانفرنس بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ ہمارے اراکین قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہیں کیے جا رہے اس لیے ہم نے سیشنز کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی کے پروڈکشن آرڈر بھی ہم  نے عدالت کے ذریعے حاصل کیے ہیں۔

’دو نہیں ایک پاکستان بنائیں‘

مائزہ حمید نے کہا کہ کل پشاور ہائی کورٹ نے بی آر ٹی کے بارے میں ریمارکس دیے ہیں کہ اس منصوبے کے لیے بلیک لسٹ کمپنیوں کو ٹھیکے دیے گئے اور اب تک 50 ارب روپے لگائے جا چکے ہیں مگر منصوبہ مکمل نہیں ہوا۔

مسلم لیگ ن کی رہنما نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) پرویز خٹک سے اس معاملے کی تحقیقات کیوں نہیں کر رہا؟ کیا احتساب صرف مسلم لیگ ن کیلئے ہی ہے؟

انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت اور نیب سے گلہ ہے کہ یہ یکطرفہ احتساب کرتے ہیں، انہیں چاہیے کہ پرویز خٹک کا بھی احتساب کریں۔

مائزہ حمید نے کہا کہ حکومت دو نہیں ایک پاکستان بنائے۔


متعلقہ خبریں