جسٹس مامون رشید کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تقرری کا نوٹیفکیشن جاری


لاہور: جسٹس مامون رشید شیخ کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

وہ یکم جنوری 2020 کو چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔

لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوگی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ججز تقرری کی پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس مامون رشید شیخ کو لاہور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس  تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔

ججز تقرری کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہوا تھا۔

ذرائع کے مطابق پارلیمانی کمیٹی نے نئے ججز تقرر کرنے کے قوانین میں ترمیم کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

مجوزہ قوانین (رولز) کے مطابق جوڈیشل کمیشن کے نامزد کردہ جج صاحبان کو تقرری سے قبل پارلیمانی کمیٹی کے سامنے انٹرویو کے لیے پیش ہونا پڑے  گا۔

مجوزہ رولز کے مطابق پارلیمانی کمیٹی کا چیئرمین بھی 6 ماہ کے لئے مقرر ہوگا۔ نئے قوانین کی منظوری آئندہ اجلاس میں دی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان، پی پی پی کے رکن اسمبلی راجہ پرویز اشرف، پاکستان مسلم لیگ نواز کے سینیٹر جاوید عباسی اور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور اعظم سواتی نے بھی شریک کی۔


متعلقہ خبریں