کپتانی کے جانے کا ڈر نہیں ہے، اظہر علی

کپتانی کے جانے کا ڈر نہیں ہے، اظہر علی

لاہور: قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا سے سیریز میں شکست شرم ناک ہے کوشش کی تھی کہ مثبت ذہن سے کرکٹ کھیلیں مگر بدقسمتی سے اچھے نتائج نہیں آ سکے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے دورے کے دوران فارم اور قسمت نے میرا ساتھ نہیں دیا، ہمیں اچھی کارکردگی دکھانے کے لئے ڈر کے سائے سے نکلنا ہو گا، مجھے کپتانی کے جانے کا ڈر نہیں ہے، کوشش کروں گا کہ مستبقل میں اپنے پلانز کو اچھی طرح عمل میں لا سکوں۔

34 سالہ ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ گوکہ دورہ آسٹریلیا بھی مشکل تھا مگر بلے بازی میں بابر اعظم اور محمد رضوان کی کارکردگی سریز کے اچھے پہلو ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان خبروں میں کوئی سچائی نہیں ہے کہ میں برطانیہ میں رہاش پذیر ہونے والا ہوں، گزشتہ تین سالوں سے میرا بیٹا وہاں مقیم ہے لیکن میں نے اسے واپس بلا لیا ہے، میرا سب کچھ پاکستان میں ہے۔

اظہر علی نے کہا کہ یاسر شاہ ہمارے تجربہ کار اسپنر ہیں۔  آسٹریلیا نے ان کے خلاف جارحانہ بلے بازی کی جس کی وجہ سے وہ دباؤ میں آگئے اور وکٹ کی دوسری جانب سے بھی آسٹریلوی بلے بازوں پر دباؤ نہیں ڈالا جاسکا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کنڈیشن مختلف ہوں گی، ٹیم کا انتخاب کرنا سلیکشن کمیٹی کا کام ہے، میں نے اپنی رائے چیف سیلکٹر کو دے دی ہے۔


متعلقہ خبریں