ڈی آئی خان میں مقابلہ، دو مبینہ دہشت گرد ہلاک


ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ہم نیوز کے مطابق یہ مقابلہ ٹانگ روڈ مظفر آباد کالونی کے قریب ہوا جس کے بعد دونوں دہشت گردوں کی لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دہشت گردی ایک دکان میں موجود تھے۔ جائے وقوعہ پر پولیس اور سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری موجود ہے۔

کئی سالوں تک بدترین دہشت گردی کا شکار رہنے والے ملک پاکستان میں حالیہ عرصے میں اس حوالے کافی بہتری آئی ہے۔

گزشتہ ماہ نائن الیون کے بعد ملک میں ہونے والے دہشت گرد حملوں اور نقصانات کی مکمل تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی  گئیں۔

قومی اسمبلی میں وزارت داخلہ کی طرف سے پیش کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق 2019 میں دہشت گردی کے واقعات گزشتہ 14 سال میں کم ترین رہے۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ نائن الیون کے بعد ملک میں 19 ہزار سے زائد دہشت گردی کے واقعات ہوئے۔

وزارت داخلہ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد ساڑھے 19 ہزار ہے۔

رپورٹ کے مطابق دہشت گردی کے سب سے زیادہ واقعات 2010 میں ہوئے جن کی تعداد دو ہزار سے زائد تھی۔ سال 2008 میں سب سے زیادہ 2789 ہلاکتیں ہوئیں۔

وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں 197 دہشت گردانہ واقعات میں 166 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔


متعلقہ خبریں