ہاؤسنگ منصوبہ: 19 لاکھ سے زائد درخواستیں، آخری تاریخ میں دس دن باقی


اسلام آباد: نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ کے تحت گھر حاصل کرنے کیلئے اب تک 19 لاکھ 18ہزار سے زائد درخواستیں نیشنل ڈیٹا بیس ریگولیٹری اتھارٹی (نادرا) کو موصول ہو چکی ہیں جب کہ رجسٹریشن کی آخری تاریخ میں ابھی 10 دن باقی ہیں۔

ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کرانے والوں میں 5515 خواجہ سرا، 184355 افراد کا تعلق کچی آبادی، 34654 ہزار سے زائد بیوہ اور 9325 مطلقہ (طلاق یافتہ) خواتین، 715473 افراد کا تعلق مزدور طبقے سے ہے جنہوں نے اپنا گھر کے حصول کیلئے رجسٹریشن کرائی ہے۔

نادرا کے ترجمان کا کہنا تھا کہ درخواست فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ ایک مہینہ توسیع کے بعد 15 دسمبر 2019 مقرر کی گئی ہے اور اس ضمن میں اپنا گھر حاصل کرنے کے لیے ملک بھر میں بڑی تعداد میں درخواستیں جمع کرانے کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد وزیراعظم پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانا ہے جس کے تحت غریب، نادار اور مستحق لوگوں کو اپنا گھر آسان قسطوں پر فراہم کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن کے عمل کو آسان بنانے کے لیے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ملک بھر میں ای سہولت فرنچائز نیٹ ورک اور آن لائن ویب سائٹ کے ذریعے رجسٹریشن کے فرائض انجام دے رہا ہے۔

ترجمان نادرا کے مطابق اب تک 19 لاکھ 18 ہزار سے زائد افراد ملک بھر میں رجسٹریشن کرا چکے ہیں اور ایک ملین سے زائد افراد نے بزریعہ ای سہولت خود کو رجسٹر کیا ہے۔

ترجمان نادرا نے مزید بتایا کہ دوسرے مرحلے میں سب سے زیادہ ضلع اسلام آباد میں 259,276 افراد نے رجسٹریشن کرائی ہے۔ کراچی کے مختلف اضلاع سے 121,759 لاکھ افراد، ضلع ملتان سے 77569 افراد، بہاولپور سے 57442 افراد اور پشاور سے 44685 افراد نے گھر کے حصول کیلئے رجسٹریشن کرائی۔

آن لائن رجسٹریشن 15 دسمبر تک کسی بھی نادرا ای سہولت فرنچائز پر 250 روپے فیس کے ساتھ کرائی جا سکتی ہے۔

سمندر پار مقیم پاکستانی اور سستا اور آسان قسطوں پر گھر بنانے کی خواہش رکھنے والے تمام پاکستانی گھر بیٹھے نادرا کی ویب سائٹ http://nphp.nadra.gov.pk پر بھی کسی اضافی فیس کے بغیر اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں