کاروبار کے لیے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی ترجیح ہے، وزیر اعظم

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کاروبار کے لیے آسانیاں پیدا کرنا حکومت کی ترجیح ہے کیونکہ چھوٹے کاروبار کرنے والے ہمیشہ ملک کو اپر اٹھاتے ہیں۔

اسلام آباد میں کامیاب جوان پروگرام درخواست گزاروں میں چیکس تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ  پروگرام میں شفافیت اور میرٹ کا خیال رکھا گیا ہے۔ چاہتے ہیں کہ میرٹ پر چیکس تقسیم ہوں۔ جنہوں نے چیک وصول کیے ان کو مبار کباد دیتا ہوں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خوشی ہوئی کہ خواتین نے پروگرام میں شرکت کی۔ ایک لاکھ 90 ہزار خواتین نے قرضہ کے لیے درخواستیں دیں۔نوجوانوں کے لیے آسانیاں پیدا کرتے جائیں گے۔ نوجوانوں کو کامیاب جوان پروگرام  سے بہت امیدیں ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کا  کام ہوتا  ہے کہ نوکریاں  پیدا کرے۔ لوگوں کو امید ہے حکومت کاروبار کے لیے سہولت فراہم کرے گی۔ جو محنت کرتا ہے وہ ہمیشہ اوپر آتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’کامیاب جوان پروگرام میں تعلیم کی کوئی شرط نہیں ’

انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کےکاروبار میں آسانی پیدا کرنےکی ضرورت ہے۔ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق کاروبار میں آسانی پیدا کرنے میں  پاکستان 28 پوائنٹ اوپر گیا۔ چھوٹے کاروباری افراد محنت کرکے ملک کوآگے لے جاتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ماضی میں متوسط تاجر طبقے کو نظر انداز کیا گیا۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ بزنس کے لیے آسانی پیدا کریں۔ نئے پاکستان کا مطلب نئی سوچ ہے،میرٹ کو آگے لانا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ ملک آگے نکلتا ہے جس کا میرٹ کا سسٹم بہتر ہوتا ہے۔ ہم نے اپنے ملک میں میرٹ کو اوپرلانا ہے۔ امریکہ میں ٹاپ کے بزنس مین پاکستانی ہیں۔ کامیاب معاشرے میں میرٹ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو دیکھیں ان پر فخر ہوگا ۔بیرون ملک پاکستانی ہر شعبے میں نمایاں مقام رکھتےہیں۔ صادق خان محنت کرکے اوپر گئے اور آج کامیاب ہیں۔ یہاں سے برطانیہ جانیوالے افراد نے چند سال میں ٹیکسٹائل صنعت میں کامیاب کاروبار کیا۔


متعلقہ خبریں