میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کا کیس، جج پھر مصروف

فائل فوٹو


لاہور: اداکار و گلوکار علی ظفر کی جانب سے میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت دعوی کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج امجد علی شاہ کی  بطور سیشن جج فرائض کی انجام دہی میں مصروفیات کے باعث آج پھر ملتوی کر دی گئی ہے۔ 

عدالت نے دونون فریقین کے وکلا کی رضامندی سے سماعت 09 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔

قبل ازیں آج پہلی مرتبہ گلوکارہ میشا شفیع اس مقدمے میں بطور گواہ عدالت میں پیش ہوئی تھیں تاہم سماعت ملتوی ہونے پر میشا شفیع  بغیر بیان ریکارڈ کرائے عدالت سے روانہ ہو گئیں۔

گلوکارہ اب 09 دسمبر کو صبح 10 بجے بیان ریکارڈ کرائیں گی۔

گزشتہ روز فاضل جج کا میشا شفیع کے وکیل سے مکالمہ ہوا جس میں انہوں نے میشا شفیع کو حکم دیا کہ آپ کل بیان قلمبند کروانے کیلئے آ جائیں اور ان کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ کی گواہ پر جرح تو نہیں ہو گی؟

میشا شفیع کے وکیل ثاقب جیلانی ایڈووکیٹ نے جواب دیا کہ نہیں میشا شفیع صرف بیان قلمبند کروائیں گی۔

ثاقب جیلانی ایڈووکیٹ نے فاضل جج سے مزید کہا کہ آپ نے علی ظفر کا بیان 3 دن تک قلمبند کرانے دیا تھا، جس پر جج امجد علی شاہ نے جواب دیا کہ آپ تین کی بجائے 4 دن تک بیان قلمبند کرا لیجئے گا۔

خیال رہے کہ عدالت نے گلوکارہ میشا شفیع اور ان کے گواہان کو بیان قلمبند کرانے کے لیے طلب کیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق سماعت کرنے والی عدالت میں ہتک عزت دعوی کیس میں گزشتہ سماعت کے دوران میشا شفیع اور ان کی جانب سے پیش کیے جانے والے گواہان پیش نہیں ہوئے تھے۔

کیس کی سماعت کرنے والے ایڈیشنل جج امجد علی شاہ کو جب میشا شفیع اور گواہان کی  عدم موجودگی کی بابت بتایا گیا تو انہوں نے احکامات دیے کہ آئندہ سماعت پر ہر حال میں گواہان بیان قلمبند کرانے کے لیے پیش ہوں۔

گزشتہ سماعت پر فلم اسٹار اور گلوکارعلی ظفر کے بیان پر میشا شفیع کے وکیل کی جانب سے جرح مکمل کر لی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں