ملک کو گلے سڑے نظام سے نجات دلانی ہے، فردوس عاشق اعوان

فوٹو: فائل


 گوجرانوالہ: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ملک کو گلے سڑے نظام سے نجات دلانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

گوجرانوالہ میں مائی پولیس ایپ کے اجرا کی تقریب کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  72 سال کا گلا سڑا زنگ آلود نظام ڈیرھ سال میں چھری ہلا کر ٹھیک نہیں ہوسکتا ہے۔

مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا  کہ گوجرانوالہ پولیس کو انفارمیشن ٹیکنالوج (آئی ٹی) سے ہم آہنگ کرنے جا رہے ہیں۔ عوام دوست پولیس کا نعرہ وزیراعظم کی سوچ کا عکاس ہے۔ ماضی میں پولیس کو دہشت کا نشان بنا کر پیش کیا گیا

انہوں نےکہا کہ مائی پولیس ایپ کے اجرا سے ہر شہری کی آواز حکومت کے ایوانوں تک پہنچ جائے گی۔ وزیراعظم کے ساتھ عوام کے رشتے کو پولیس ایپ مضبوط کرے گی۔

اس سے قبل اپنے ایک ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ کامیاب جوان  پروگرام  مستقبل کے معماروں کی کامیابی کی ضمانت اور ان کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔قرضوں کی فراہمی کا آغاز وزیر اعظم عمران خان کے نوجوانوں سے کیےگئے عہد کی پاسداری کی جانب عملی قدم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ن لیگ کے صدر شہباز شریف مگر فیصلے کوئی اور کرتا ہے، فردوس عاشق

انہوں نے کہا کہ  لاکھوں نوجوانوں کی قرض کے حصول میں دلچسپی عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان پر اعتماد ہے۔ تمام قرض میرٹ پر دیئے جائیں گے۔ عمران خان کا یقین ہے کہ قوم اور معاشرہ میرٹ کو فروغ دے کر فلاح اور ترقی پائے گا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے پہلے مرحلے میں 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس کے تحت چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعت اور کاروبار کرنے والے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے۔

فردوس عاشق اعوان  نے کہا کہ حکومت ملک میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے مشن پر کاربند ہے۔


متعلقہ خبریں