دعا منگی کی رہائی مبینہ طور پر20 لاکھ روپے تاوان کے عوض ہوئی، ذرائع


 کراچی: شہر قائد کراچی کے علاقے ڈیفنس سے اغوا ہونے والی دعا منگی کی رہائی مبینہ طور پر20 لاکھ روپے تاوان ادا کرکے ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق رہائی کے لئے تاوان کی رقم ادا کرتے وقت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ نہیں کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی ادارے کیس کو تاوان کے علاوہ مختلف تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔

دوسری جانب دعا منگی کے والد نے میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ہمارا بہت ساتھ دیا، دعا منگی کی رہائی کے حوالے سے تمام تفیصلات سے جلد آگاہ کروں گا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی خیریت سے ہے۔

خیال رہے دعا منگی گزشتہ شب گھر پہنچی تھی تاہم اہل خانہ نے ان کے متعلق زیادہ تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈیفنس کے علاقے بڑا بخاری میں واقع اوپن ایئر ریسٹورنٹ سے اغوا ہونے والی طالبہ دعا نثار منگی کیس میں پولیس نے کچھ روز قبل 22 افراد کے بیانات قلم بند کیے تھے۔

دعا منگی کو رات گئے چار مسلح افراد نے بڑا بخاری میں واقع ’’ماسٹر چائے‘‘ کے باہر سے اسلحہ کے زور پر اغوا کیا گیا تھا۔

مسلح افراد نے دعا کے ساتھ موجود لڑکے حارث فتح کو گولی ماری تھی جس کے بعد اسے شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

دعا منگی کے اغوا کے معاملے پر واقعے میں زخمی ہونے والے نوجوان حارث فتح نے اغوا کاروں کیگاڑی کوشناخت کرلیا تھا۔

تفتیش کاروں نے حارث سے تحریری سوالنامے میں پوچھا کہ اغوا کاروں کی تعداد کتنی تھی؟ جس کے جواب میں نوجوان کا کہنا تھا کہ ان کی تعداد چار سے پانچ تھی۔

کراچی پولیس نے دعا منگی کے اغوا میں مبینہ طور پر استعمال ہونے والی گاڑی شاہراہ فیصل کے قریب سے برآمد کی تھی۔


متعلقہ خبریں