بلاول نے کراچی میں سات بڑے منصوبوں کا افتتاح کیا


کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کراچی میں سندھ حکومت کے تحت 5 ارب 90 کروڑ کی لاگت سے مکمل ہونے والے سات منصوبوں کا افتتاح کیا۔

افتتاح کرنے والے منصوبوں میں شہید ملت اور سن سیٹ بلیوارڈ پر فلائی اوورز، خالد بن ولید اور شہید ملت روڈ پر دو انڈر پاسسز، کورنگی بارہ ہزار اور اسٹیڈیم کارساز روڈ شامل ہیں۔

منصوبوں کی افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی میں آج 7 میگا پراجیکٹس کا افتتاح ثابت کرتی ہے کہ  پیپلز پارٹی کام کررہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان اور وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجر ٹیکسوں کے طوفان اورسونامی میں بہہ رہے ہیں۔ میرے شہر کے مزدوروں کو انکا حق نہیں دیا جارہا۔ نالائق سلیکٹڈ حکومت عوامی مسائل کا حل نہیں نکال سکتی۔

انہوں نے کہا کہ 9 ماہ میں طے کردہ رقم سے کم مالیت میں شہید ملت فلائی اوور کا افتتاح ہوا۔ بیگم رعنا لیاقت 7 ماہ، ٹیپوسلطان 5 ماہ، سن سیٹ بلیوارڈ 5 ماہ ، سب میرین انڈر پاس 13 ماہ  اور سید صبغت ﷲ روڈ منصوبہ 15 ماہ میں مکمل ہوا۔

بلاول نے کہا کہ سگنل فری منصوبے سے شہر میں  ٹریفک جام کے مسائل کم ہونگے۔ 171  پراجکیٹس 2 ماہ میں مکمل ہونگے

وفاقی حکومت لوگوں کو بیروزگار کر رہی ہے۔ ملک معاشی بحران کا شکار ہے۔ آئیندہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سرمایہ داروں کو چھوڑ کر چھوٹے تاجروں کو دینا ہوگا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کام نہ کرنے کا طعنہ دینے والے آج دیکھ لیں۔ وفاقی حکومت نے کراچی والوں سے صرف وعدے کیے۔ وفاقی حکومت نے شہر میں ایک بھی منصوبہ شروع نہیں کیا۔ تین ماہ میں گرین لائن چلانے کا دعویٰ بھی غلط ثابت ہوا۔

پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت اور وزیراعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو ایک نوٹیفکیشن ٹھیک نہیں نکال سکتے وہ آئین و قانون پر کیا بات کریں گے؟

مراد علی شاہ  نے کہا کہ دو ماہ میں مزید 171 منصوبے مکمل کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اعتراف کیا کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کو مناسب فنڈز نہیں ملے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  وزیر محکمہ اطلاعات اور محکمہ محنت سعید غنی نے کہا کہ یہ تاثر دیا جارہا ہےکہ  پیپلز پارٹی کراچی کی ترقی میں کام نہیں کررہی ہے۔ اس وقت کراچی میں تقریبا 40 منصوبے چل رہے ہیں اور پانی اور سوریج سمیت دیگر کام ہونے جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کراچی کو سب سے زیادہ ترجیح میں رکھتے ہیں۔ ہم بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ کے مشکور ہیں جن کے باعث ترقیاتی کام زوروشور سے جاری ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کو مبارک باد دوں گا آج سات منصوبے مکمل ہوئے۔ بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے کام پر توجہ دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  وزیر بلدیات ناصر شاہ نے کہا کہ  ہم بلاول بھٹو کے شکر گزار ہیں جنہوں نے وقت نکالا اور کراچی کے منصوبے شروع کیے اور وقت پر مکمل ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے آج سات منصوبے سمیت 171 منصوبے ہیں جو مکمل ہونگے۔ ہم بلاول کے وژن کے تحت کام کررہے ہیں اور قبل از وقت اسکیمیں مکمل ہورہی ہیں۔ اس دفعہ منصوبے وقت سے پہلے اور شفاف طریقے سے مکمل ہوئے ہیں۔ ان منصوبوں میں بچت بھی کی اور وہ  پیسے دیگر اسکیموں پر خرچ کیے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم عمران خان سے سندھ میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقات

انہوں نے کہا کہ اس دفعہ ترقیاتی کام ماسٹر پلان کے تحت کر رہے ہیں۔ کراچی کے لیے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں۔ میر ایکسپریس وے کی فزیبلٹی بھی مکمل ہونے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو پانی مہیا کرنے کے لیے منصوبے پر کام جاری ہے اور اسی ماہ شہر کو اس منصوبے سے 100 ملین گیلن روزانہ ملنا شروع ہوجائیگا۔

وزیر بلدیات ناصر شاہ نے کہا کہ کراچی کے پانی کا مسٗلہ حل کرنے کے لیے ڈی سیلینیشن منصوبہ پر شروع کرنے جارہے ہیں۔ گھر گھر کچرا اٹھانے کی اسکیم بھی شروع کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بہت سی اسکیموں پر کام جاری ہے، آنے والے مہینوں میں ان کا افتتاح کرتے رہیں گے۔

 


متعلقہ خبریں