معیشت بہتر ہونے سے سیاستدانوں کو تکلیف ہو رہی ہے، علی امین گنڈا پور


ڈی آئی خان: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ملکی معیشت بہتر ہونے سے سیاستدانوں کو تکلیف ہو رہی ہے نیا آنے والا بجٹ عوام کے لیے سرپرائز ہو گا۔

وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت پاکستان بننے کے بعد پہلی بار تسلی بخش ہوئی ہے اور اب نیا آنے والا بجٹ عوام کے لیے بڑا سرپرائز ہو گا۔

انہوں ںے کہا کہ مہنگائی اور غلامی میں ایک کا انتخاب کرنا تھا. ہم غلامی سے آزاد ہوئے ہیں۔ ہم قرضہ لیتے ہیں لیکن منی لانڈرنگ کے ذریعے ملک سے باہر نہیں بھیجیں گے۔ ملکی معیشت بہتر ہونے سے سیاستدانوں کو تکلیف ہو رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پیسہ ملک ریاض کا ہے یا نواز شریف کا تاہم شکریہ وزیر اعظم عمران خان کا ادا کرنا چاہیے۔ عمران خان آئے تو سیاست دان بیمار ہونا شروع ہو گئے۔ ہم نے احتساب کے نام پر ووٹ مانگا تھا اس لیے احتساب سب کا ہوتا رہے گا۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو بڑے بڑے خواب آ رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کو کشمیر کمیٹی کے فنڈ اور پروٹوکول کے چسکے یاد آ رہے ہیں۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان بے روزگار ہوچکے ہیں انہوں نے عوام کی خدمت کی ہوتی تو آج یہ دن نہ دیکھنے پڑتے۔ مولانا فضل الرحمان بتائیں کہ دھرنے میں خرچ ہونے والا پیسہ انہیں کہاں سے ملا تھا ؟

یہ بھی پڑھیں مولانا فضل الرحمان بتائیں استعفیٰ کہاں ہے ؟ شیخ رشید احمد

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیٹے کو ہرانے کے لیے میں نے ٹانک کا رخ کر لیا ہے، سارا پنڈ مر جائے پھر بھی مولانا فضل الرحمان نے چوہدری نہیں بننا۔  مائنس ون فارمولا سیاستدانوں کے خواب ہیں۔


متعلقہ خبریں