قومی اور خطے کی ترقی کیلئے علاقائی تعاون پر یقین رکھتے ہیں، وزیراعظم

شریف خاندان عوام کے سامنے بے نقاب ہوگیا،مولانا کی سیاست ختم ہوگئی: عمران خان

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں ترقی کے مواقع پر یقین رکھتا ہے، توقع ہے کہ سارک کے معاملات میں حائل رکاوٹیں دور کر دی جائیں گی۔

35ویں سارک چارٹر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ یہ دن غربت، جہالت اور بیماریوں کے خاتمے کے عزم کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن سارک ممالک کے دوراندیش رہنماؤں نے جنوبی ایشیا کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کی غرض سے سارک چارٹر مرتب کیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ آج کا دن ہماری توجہ اس بڑی ذمہ داری کی طرف مبذول کراتا ہے جو اس خطے میں غربت، جہالت، بیماری اور انڈر ڈویلپمنٹ کے خاتمے کے ضمن میں ہمارے کندھوں پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان انفرادی، قومی اور خطے کی ترقی کے علاقائی تعاون کی طاقت پر یقین رکھتا ہے۔

مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے ہر سال 50 ہزار اسکالر شپس دینے کا اعلان کر دیا

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اس امر پر یقین رکھتا ہے کہ برابری اور باہمی عزت کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے مؤثر اور نتیجہ خیز علاقائی تعاون کے حصول کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے اس موقع پر سارک سے پاکستان کی وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ آگے بڑھنے کے اس عمل میں حائل رکاوٹ کو دور کیا جائے گا تاکہ سارک ممالک علاقائی ترقی اور اپنی پوری استطاعت کو برؤے کار لانے کے لیے آگے بڑھ سکیں۔

انہوں نے اپنے بیان میں تمام سارک ممالک کو اس سلسلے میں مبارک باد بھی پیش کی۔


متعلقہ خبریں