پشاور: جے یو آئی (ف) کا احتجاج، درختوں کی شامت آگئی


پشاور میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے احتجاجی سلسلے میں پلان سی پر عملدرآمد کے دوران درختوں کی شامت آگئی۔

ہم نیوز کے مطابق انتظامیہ نے اسٹیج کے سامنے آنے والے دو درختوں کو کاٹ دیا جن کی شاخوں کی وجہ سے شرکاء کا رہنماؤں کو دیکھنے میں مشکل پیش آرہی تھی۔

انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ درخت نہیں کاٹے صرف شاخیں کاٹی ہیں۔ کاٹے گئے درخت ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر کی خوبصورتی کے لیے لگائے گئے تھے۔

خیال رہے کہ آج جے یو آئی (ف) پشاور میں احتجاجی مظاہرہ کررہی ہے جس سے پارٹی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور حزب اختلاف کے دیگر رہنما بھی خطاب کریں گے۔

اس سے قبل کوئٹہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم سلیکٹڈ حکومت کو نہیں مانتے اور ایسے لوگوں سے لڑنا جانتے ہیں، ہم غلاموں کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے۔

مزید پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کا حکومت کے خاتمے کیلئے تحریک چلانے کا اعلان

انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے جبکہ وزراء 17 روپے کلو ٹماٹر اور پانچ روپے مٹر بتاکر عوام کا مذاق اڑا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں کی امید دلائی، کہا یورپ کے لوگ یہاں نوکریوں کیلئے آئیں گے، تاہم اب یہ باتیں دم توڑ چکی ہیں۔

جے یو آئی (ف) سربراہ نے کہا کہ ملک کے استحکام اور عوام کے حقوق کی جنگ جاری رہے گی۔


متعلقہ خبریں