نئی دہلی کی فیکٹری میں آگ لگنے سے 43 افراد ہلاک


بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں اناج منڈی کے قریب فیکٹری میں آگ لگنے سے 43 افراد ہلاک اور 56 سے زائد زخمی ہو گئے۔

فیکٹری میں آگ لگنے کا واقعہ صبح پیش آیا۔ ریسکیو ٹیموں کے مطابق فیکٹری میں تنگ جگہ ہونے کے باعث آگ لگنے سے دھواں جلدی بھر گیا جس کے سبب امدادی کاموں میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

آتشزدگی کے وقت فیکٹری کے ملازم اور مزدور مختلف مقامات پر سو رہے تھے۔

حکام کے مطابق واقعہ کی اطلاع صبح پانچ بجکر 20 منٹ کے قریب موصول ہوئی جس کے فوری بعد فائر بریگیڈ کی 30 سے زائد گاڑیوں کو موقع پر بھیجا گیا۔

حکام نے بتایا کہ عمارت سے 50 افراد کو ریسکیو کرکے اسپتال منتقل کردیا گیا، آگ لگنے کی وجوہات کا تاحال علم نہیں ہو سکا تاہم اس بات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ فیکٹری کی ورک شاپ میں لگی۔

متاثرہ فیکٹری میں اسکولوں کے بیگ اور پیکنگ کا دیگر سامان تیار کیا جاتا تھا۔

پولیس کے مطابق حادثے میں زیادہ ہلاکتیں دم گھٹنے کے باعث ہوئیں ہیں جن میں اضافے کا امکان ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ ہر ممکن امداد فراہم کر رہی ہے۔


متعلقہ خبریں