جو قدم اٹھایا تھا وہ منزل پر پہنچ رہا ہے، مولانا فضل الرحمان


پشاور: سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے ایک سال میں سب سے زیادہ قرضے لیے اور پہلے بار ایشیائی ترقیاتی بینک سے ایمرجنسی قرضہ لیا جا رہا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین کی حکمرانی کے لیے ہم نے جو قدم اٹھایا تھا وہ اپنی منزل پر پہنچ رہا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پورے پاکستان کو بی آرٹی بنا دیا گیا ہے یہاں پورے پشاور کو کھنڈر بنا کر بھی جیت گئے اس کو کہتے ہیں دھاندلی اگر کسی اور شہر میں بی آرٹی کھنڈر ہوتا تو عوام ووٹ ہی نہ دیتے۔

انہوں ںے کہا کہ یہ ملک اور قوم کا پیسہ ضائع کررہے ہیں، بی آر ٹی منصوبے میں ایک کلومیٹر کی لاگت ڈھائی ارب روپے آئی ہے۔ اس حکومت نے ایک سال میں سب سے زیادہ قرضے لیے اور پہلی بار اسٹیٹ بینک ایک ارب روپے سے زائد کے خسارے میں جا رہا ہے۔

سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ پہلی بار ایشیائی ترقیاتی بینک سے ایمرجنسی کرائسسز قرضہ لیا جا رہا ہے تاہم ان بحرانی قرضوں کا نتیجہ کیا نکلے گا ؟ ملک کی خارجہ پالیسی بھی بری طرح سے ناکام ہو چکی ہے۔ اب انہیں پاکستان پر حکومت کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں ںے کہا کہ تحریک انصاف کی اپنی حکومت احتساب کمیشن کے شکنجے میں آگئی لیکن وفاق میں آکر انہوں نے پورا احتساب کمیشن ختم کر دیا۔ قوم تحقیقات کا کہتی ہے تو یہ عدالتوں کے پیچھے چھپنے کی کوشش کرتے ہیں۔ حکومت کے اپنے کمیشن کے مطابق گزشتہ 10 سال میں لیے گئے قرضے صحیح اکاؤنٹس میں آئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں معیشت بہتر ہونے سے سیاستدانوں کو تکلیف ہو رہی ہے، علی امین گنڈا پور

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کہہ رہی ہے پورے ملک میں درخت لگائیں گے لیکن پہلے بتایا جائے ایک ارب درخت کہاں لگائے گئے ہیں ؟ 80 کروڑ درختوں کا پیسہ کہاں گیا ؟ اس کا حساب لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپنی حکومت کے بارے میں کیا جواب دیں گے جو اب ہو رہا ہے ؟ اس دور میں مائیں اپنے بچوں کو بیچنے پر مجبور ہو گئی ہیں، نوکریوں کی نوید دے کر نوجوانوں کو بے روزگار کر دیا گیا ہے تاہم اب ہم میدان میں ہیں اور اس تحریک کو مزید آگے بڑھانا ہے۔ ہم اس قلعے کو فتح کرنے کے لیے نکلے ہیں، پیچھے ہٹنے کے لیے نہیں۔


متعلقہ خبریں