انضام الحق نے اپنی سوچ کے مطابق بیان دیا، جواب نہیں دوں گا، فواد عالم


کراچی: قومی ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم نے کہا ہے کہ انضام الحق نے اپنی سوچ کے مطابق بیان دیا میں انہیں کوئی جواب نہیں دوں گا۔

قومی ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم میں سلیکشن پر بہت خوش ہوں کیونکہ لمبے عرصے بعد ٹیم میں واپسی پر خوشی ملتی ہے۔ ٹیم میں واپسی شائقین کی محبت اور دعاؤں کا نتیجہ ہے۔

انہوں ںے کہا کہ میں کرکٹ چھوڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ کھلاڑی پر ہر میچ میں دباؤ ہوتا ہے اور میں ہرمیچ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی پوری کوشش کروں گا کیونکہ جتنی کارکردگی اچھی دکھائیں گے اتنا ہی سلیکشن کا موقع ملے گا۔

فواد عالم نے کہا کہ کلب کرکٹ ہو یا ڈومیسٹک، بہتر کارکردگی کا دباؤ ہوتا ہے تاہم شائقین کی سپورٹ سے حوصلہ بڑھتا ہے۔ کوشش کروں گا اچھی کارکردگی دکھا کر سب کو غلط ثابت کروں۔

ٹیسٹ کرکٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کی لمبے عرصے بعد پاکستان میں واپسی ہو رہی ہے تاہم پاکستان میں ایونٹ کو کامیاب بنانا ہے۔ سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد سے دنیا میں اچھا پیغام جائے گا۔ دعا ہے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی کوششیں رنگ لائیں اور بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان آئے۔

یہ بھی پڑھیں وسیم خان کرکٹ کمیٹی کی چیئرمین شپ سے دستبردار

قومی ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ دعا ہے ٹیسٹ کرکٹ کے ساتھ مختصر فارمیٹ میں بھی واپسی ہو اور میری توجہ مثبت سوچ اور مثبت کھیل پر ہے۔


متعلقہ خبریں