مولانا فضل الرحمان اپنی جماعت کو پارلیمنٹ سے استعفیٰ دینے کو بولیں، فردوس عاشق

مولانا فضل الرحمان دھرنے سے نامراد لوٹے، معاون خصوصی برائے اطلاعات

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمت کریں اپنی جماعت کو بولیں کہ پارلیمنٹ سے استعفٰی دیں۔

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سب سے پہلے اپنے بیٹے سے استعفیٰ لیں۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی (ف) سربراہ روز عوام کو ایک ہی چورن بیچ رہے ہیں لیکن اب لوگ سمجھدار ہوگئے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان دھرنے سے نامراد لوٹے ہیں، اقتدار کا نشہ ان سے چھینا ہوا ہے ان کو مزہ نہیں آرہا۔

انہوں نے کہا کہ مولانافضل الرحمان سیاست میں زندہ رہنے کے لیے روز نیا چٹکلا دیتے ہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کی اربوں روپے کمانے والی کمپنیوں کا نام قوم نے پہلے نہیں سنا۔

ن لیگ پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی صدر شہباز شریف بھائی کو بچانے کے لیے واسرائے ہند کی طرح قیادت کو بلارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام چھوٹے میاں کی ڈکیتیوں کے بارے میں جاننا چاہتی ہے، شریف خاندان پاکستان واپس آکرعدالتوں میں جواب دے۔


متعلقہ خبریں