وہاڑی: یاسمین راشد کا ڈی ایچ کیو اسپتال کا دورہ، انتظامیہ پر شدید برہم

کورونا کے بعد ایک اور خطرہ: ڈاکٹر یاسمین راشد نے نشاندہی کردی

فائل فوٹو


وہاڑی: پنجاب کی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال وہاڑی کی انتظامی صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو نا اہل ڈاکٹرز اورعملے کی قطعی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اسپتال کی انتظامی صورتحال دیکھ کر شدید مایوسی ہوئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر یاسمین راشد وہاڑی کے ڈی ایچ کیو اسپتال کے اچانک دورے پر پہنچیں تو صورتحال دیکھ کر ششدر رہ گئیں۔

ڈی ایچ کیو اسپتال وہاڑی میں صوبائی وزیر صحت کو اپنے درمیان دیکھ کر مریضوں اور ان کے تیمارداروں نے شکایات کے انبار لگادیے۔ اسپتال کے عملے، ڈاکٹروں اور انتظامی امور سے مریضوں اور ان کے تیمارداروں کو بے پناہ شکایات تھیں۔ انہوں نے صوبائی وزیر کے سامنے دل کھول کر اپنی تکالیف بیان کیں۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والی صوبائی وزیرصحت نے کہا کہ گھوسٹ ڈاکٹروں اور عملے کو کسی بھی صورت میں رہنے نہیں دیا جائے گا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے واضح کیا کہ جو ڈاکٹر اور عملہ مریضوں کے دکھ درد کو سمجھے گا اور اپنی ذمہ داریاں ادا کرے گا صرف وہی محکمہ صحت میں اپنی ملازمت برقرار رکھ سکے گا۔

ہم نیوز کے مطابق صوبائی وزیر صحت نے مریضوں اور ان کے تیمار داروں کی شکایات پر موقع پر ہی متعدد احکامات جاری کیے اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ فرائض سے غفلت برتنے والے عملے کو کسی بھی قیمت پر رعایت دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔


متعلقہ خبریں