ان ہاؤس تبدیلی یا قبل از وقت انتخابات ہی بہترین راستے ہیں، سراج الحق

اسلامی ممالک بھارت کا سماجی، معاشی اور سفارتی بائیکاٹ کریں، سراج الحق

مانسہرہ: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ان ہاؤس تبدیلی اور یا پھر قبل ازوقت انتخابات ہی بہترین راستے ( آپشنز) ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے نام پر عوام کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تو لانے والوں کو بھی احساس ہوگیا ہے کہ یہ حکومت ناکام ہوچکی ہے۔

22 دسمبر کو ملک بھر سے لاکھوں افراد اسلام آباد پہنچیں گے، سراج الحق

ہم نیوز کے مطابق ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اگر حکومت ڈیلیور نہیں کررہی ہے تو دونوں آپشنز ہی بہترین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان ہاؤس تبدیلی یا قبل از وقت انتخابات جمہوریت کا حصہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے نام پر موجودہ حکومت عوام پر مسلط کی گئی ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جب نواز شریف کو ایک سہولت فراہم کی گئی ہے تو آصف زرداری سمیت دیگر بیماروں کو بھی اسی سہولت سے فائدہ اٹھانے کی اجازت ہونی چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے الزام عائد کیا کہ حکومت چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر اپنی مرضی کا آدمی مسلط کرنا چاہتی ہے لیکن وہ نظام کے لیے بہتر ہر گز نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو احتساب پسند ہے مگر اپنا نہیں۔

آصف زرداری کی صحت پر سراج الحق کا اظہار تشویش: بلاول بھٹو سے بات چیت

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ 22 دسمبر کو اسلام آباد میں کشمیریوں کی آزادی اور پاکستان کو بچانے کے لیے مارچ کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہمارا مقصد ہر گز اسلام آباد پہ چڑھائی کرنا نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں