چوہدری نثار مقررہ وقت پر دوبارہ نظر آئیں گے، شاہد مسعود

چوہدری نثار مقررہ وقت پر دوبارہ نظر آئیں گے، شاہد مسعود

فوٹو ہم نیوز


اسلام آباد: سینئر صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار مقررہ وقت پر دوبارہ نظر آئیں گے۔

نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کافی بڑی تعداد میں لوگوں کو اکٹھا کر کے پریس کانفرنس کریں گے جس میں چند اہم باتیں کریں گے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف لندن میں موجود ہیں جہاں وہ اپنے معاملات طے کر رہے ہیں، انہوں نے اپنی شیڈو کابینہ بنا لی ہے جس میں مریم اورنگزیب کو وزیراطلاعات مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن حزب اختلاف کی دوسری جماعتوں سے بھی رابطے میں ہے اور یہ لوگ اہم ترین قانون سازی کے موقع پر حکومت کے لئے مشکلات پیدا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اس بات پر خوش نہیں ہیں کہ شہباز شریف باہر کیسے گئے، وہ کئی منصوبوں کا افتتاح تو کر رہے ہیں مگر ان کا ذہن کسی دوسری جانب ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف 19 نومبر سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں اور شہباز شریف بھی ان کی دیکھ بھال کی غرض سے ان کے ہمراہ ہیں۔

گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا تھا کہ اسلام آباد کی ہوائیں آج کل خوشگوار نہیں ہیں اور وہ جادو ٹونے کی گرفت میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے انہیں ادویات دی جا رہی ہیں۔ اُن کی صحت بہتر نہیں ہو رہی ہے اور علاج کی غرض سے امریکہ لے جانا پڑے گا۔


متعلقہ خبریں