10 سال کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی، سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد


اسلام آباد: دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لئے سری لنکا کا 15 رکنی اسکواڈ پاکستان پہنچ گیا ہے۔

دس سال کی طویل مدت کے بعد پاکستان کی سرزمین پر پہلا ٹیسٹ میچ  بدھ کے روز 11 دسمبر کو راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پاک سری لنکا ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے اور فواد عالم دس سال بعد دوبارہ سفید کٹ میں ملبوس نظر آئیں گے۔

واضح رہے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 11 سے 15 دسمبر تک راولپنڈی اور دوسرا میچ 19 سے 23 دسمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل سری لنکن ٹیم نے پاکستان میں ایک روزہ اور ٹی 20 سیریز میں بھی حصہ لیا تھا۔

ون ڈے سیریز میں پاکستان نے سری لنکا کو دو صفر جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں سری لنکا نے پاکستان کو تین صفر سے شکست دی تھی۔

سری لنکن بورڈ نے دینیش کارن رتنے کو ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی ہے دیگر کھلاڑیوں میں کوسل مینڈس، فرنیندو، انجیلو میتھیوس، دینش چندمال، لاہیرو تھرمانے ٹیم میں شامل ہیں۔

ان کے علاوہ دھننجایا ڈی سلوا، نوریش ڈیکویلا، دلرووان پرایرا ، سوریش لکمل، ایمبودینیا، لاہیرو کمارا، ویشا فرنینڈو، راجیتھا اور سندکان بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

خیال رہے سرنگا لکمل 2009 میں پاکستان آنے والے سری لنکن اسکواڈ میں بھی شامل تھے۔

سری لنکا کے خلاف اظہر علی کی کپتانی میں 17 رکنی ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے۔ فوادعالم کو 10سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں پرفارم کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔

دیگر کھلاڑیوں میں عابدعلی، اسد شفیق، بابراعظم، فوادعالم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان، کاشف بھٹی، محمدعباس، محمدرضوان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، یاسرشاہ، عثمان شنواری شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں