’ملی بھگت‘ سے نواز شریف کے بیرون ملک جانے کیخلاف درخواست دائر

پارلیمنٹ کو بے توقیر کردیا گیا، ججز کے فیصلے پر ریفرنس دائر کرنا چاہیے، نواز شریف

کراچی: سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے سزا یافتہ ہونے کے باوجود ’ملی بھگت‘ کرکے بیرون ملک جانے پر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دینے کے لیے سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کردی گئی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ من گھڑت کہانی بنائی اور میڈیکل بورڈ کا ناجائز استعمال کیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ ایسی میڈیکل کی کہانی بنائی جیسے وہ کسی لمحے خالق حقیقی سےجا ملیں گے، نواز شریف من گھڑت کہانی بنا کر سزا یافتہ ہونے کے باوجود بیرون ملک گئے تاہم جس دن سے برطانیہ پہنچے ہیں کسی اسپتال میں داخل نہیں ہوئے۔

درخواست گزار کے مطابق سوشل اور الیکٹرانک میڈیا کے دور میں جو ویڈیوز اور تصاویر سامنے آئی ہیں ان میں سابق وزیر بیمار نظر نہیں آرہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت اس من گھڑت کہانی کا کھوج لگانے کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دے جبکہ نواز شریف کی پاکستانی میڈیکل بورڈ اور برطانیہ میں علاج کی رپورٹس طلب کی جائیں اور سابق وزیراعظم کی برطانوی رہائش گاہ کی تفصیلات بھی طلب کی جائیں۔

درخواست گزار نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف کو برطانیہ بھجوانے کے لئے من گھڑت کہانی بنانے میں ڈاکٹر عدنان اور شہباز شریف شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما نواز شریف کی عیادت کیلئے لندن جائیں گے

درخواست میں وزیر اعظم بذریعہ پرنسپل سیکریٹری، چیف سیکریٹری پنجاب، وزارت داخلہ، چیئرمین نیب، نواز شریف، شہباز شریف، ڈاکٹر عدنان اور برطانیہ میں پاکستانی سفیر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار محمود اختر نقوی نے درخواست سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں دائر کی ہے۔


متعلقہ خبریں