اسلام آباد میں اسمارٹ ٹریفک سنگنلز لگانے کا فیصلہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے شہر اقتدار میں پانچ اسمارٹ سگنلز لگانے کا فیصلہ کیا ہے جو گاڑیوں کی تعداد کا اندازہ لگاتے ہوئے ٹریفک سگنل کے کھلنے اور بند ہونے کا تعین کریں گے۔

ترجمان کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے) کے مطابق شروع میں کشمیر ہائی وے پر سیکٹر جی سات سے سیکٹر جی 11 تک اسمارٹ سگنلز لگائے جائیں گے۔

اسمارٹ سنگنلز روائتی سگنلز کے برعکس خود کار طریقے سے ٹریفک کنٹرول کرتے ہیں اور ان سے افرادی قوت کے استمال میں کمی آئے گی۔ ترجمان کے مطابق مذکورہ منصوبے 20لاکھ 48ہزار روپے لاگت آئے گی۔

کشمیر ہائی وے کا شمار اسلام آباد کی مصروف ترین شاہراہوں میں ہوتا ہے جس پر صبح اور شام کے وقت ٹریفک کا رش ہوتا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک پولیس کی کیمرہ لگی گاڑیاں بھی ہر وقت گشت کرتی ہیں۔

شہر اقتدار میں اس سے قبل سیف سٹی منصوبے کے تحت ایک ہزار 950  کیمرے اہم شاہراہوں اور عمارات پر نصب کیے گئے ہیں جن کا مقصد جرائم میں کمی اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

ان کیمروں کی تنصیب سے شہر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے اور ٹریفک کا نظام کنٹرول کرنے کا موقع ملتا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ایک بم پروف بلڈنگ میں کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بنایا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں