وزیراعظم نے فواد چوہدری کو وزیر سائنس و ٹیکنالوجی بنانے کی وجہ بتا دی


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب فواد چوہدری کو سائنس و ٹیکنالوجی کا وزیر بنایا گیا تو لوگوں نے کہا کہ آپ اس وزارت کو سنجیدہ نہیں لے رہے  لیکن ایک اچھے کیپٹن کو پتا ہوتا ہے کہ کس پلیئر کو کس نمبر پر کھلانا ہے۔

جامعہ نسٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ  انسان جو پہلے صرف تصور کرتا تھا اس نے اس چیز کو کامیاب کر کے دکھایا،اللہ نے انسان کو بے پناہ طاقت سے نوازا ہے، اللہ جتنا آپ کو نوازتا ہے اتنی ہی آپ پر ذمہ داری ڈالتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرٹ سسٹم جیسے جیسے نیچے گیا آہستہ آہستہ پاکستان نیچے چلا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر ٹیلنٹ اور جنون کا مقابلہ ہو تو جنون اس کو ہرا دیتا ہے، ہمیشہ اپنے دل کی سنو،جنون صرف دل میں ہی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو بھی آج تک بڑا انسان بنا ہے اپنی ذات سے نکل کر ہی بنا ہے،بل گیٹس واقعی بڑا انسان ہے اس نے اپنی صلاحیت سے بہت پیسا بنایا، وہ خود پر کم اور دیگر امدادی کاموں پر زیادہ پیسے خرچ کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر برا وقت آپ کو اوپر جانے کیلیے تیار کرتا ہے، جب تک آپ ہار نہیں مانیں گے،آپ کو کوئی ہرا نہیں سکتا،جو انسان کامیاب ہوتا ہے وہ برے وقت میں خود کو سنبھالتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی ایک پلان بی ہوا تھا، پھر سی ہوگا، جب آپ کشتیاں جلا کر آگے نکلتے ہیں تو کوئی پلان بی نہیں ہوتا۔


متعلقہ خبریں