حجاج کرام کی رقم پر ملنے والے سود کی تفصیلات سامنے آ گئیں

حجاج کرام کی رقم پر ملنے والے سود کی تفصیلات سامنے آ گئیں

فوٹو: فائل


اسلام آباد: حکومت نے حجاج کرام کی رقم پر ملنے والے سود کی تفصیلات بتا دیں۔

وزارت مذہبی امور نے حجاج کرام کے پیسوں کی تفصیلات سے متعلق قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کرا دیا۔ جس میں بتایا گیا کہ حجاج کی جمع کروائی گئی رقم پر بینکوں سے سود لیا جاتا ہے۔ گزشتہ برس 3 لاکھ 74 ہزار 857 پاکستانیوں نے حج کی درخواستیں جمع کرائی تھیں۔

تحریری جواب کے مطابق گزشتہ برس حج درخواستوں کے ساتھ 106 ارب 41 کروڑ روپے سے زائد رقم اکٹھی ہوئی اور سال 2018 میں حجاج کرام کی رقم پر 21 کروڑ روپے کا سود حاصل ہوا تھا جبکہ گزشتہ 5 سال کے دوران کُل 1 ارب 17 کروڑ روپے کا سود حاصل ہوا۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق قرعہ اندازی کے بعد ناکام درخواست گزاروں کو رقم واپس کر دی جاتی ہے جبکہ سود کی رقم حجاج کی ویکسین، تربیت، ادویات اور میڈیا مہم پر خرچ کی جاتی ہے۔

رواں سال عازمین حج کو سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات پر مفت سم کارڈز اور انٹرنیٹ کی سہولیات فراہم کی گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں حجاج کرام سفر حج سے قبل یہ پانچ ایپلیکشنز انسٹال کر لیں

سال 2019 میں پاکستانی عازمین حج کو مدینہ منورہ کی جن چاراور پانچ ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا تھا ان میں سے تین میں تو کمروں میں وائی فائی کی سہولت موجود تھی لیکن ایک ہوٹل میں صرف لابی تک وائی فائی کی سہولت  ملی تھی کیونکہ کمروں میں سگنل کمزور پڑجاتے تھے۔


متعلقہ خبریں