ملتان میٹرو کی وجہ سے اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، وزیر اعظم


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملتان میٹرو کی وجہ سے پاکستان کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں اینٹی کرپشن ڈے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اینٹی کرپشن کی کارکردگی بہت زیادہ اچھی رہی ہے۔ 132 ارب روپے کی زمینوں کی واہگزاری بہت بڑی کامیابی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کارکردگی متاثر کن ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں سب سے تیز بڑھتی ہوئی معیشت چین کی ہے جنہوں نے کرپشن میں ملوث وزیر سطح کے 400 سے زائد افراد کو جیل میں ڈالا۔ دنیا بھر میں لوگ کرپشن کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ہیں ۔ پہلے کرپشن چھپ جاتی تھی لیکن اب کرپشن چھپانا مشکل ہے۔

وزیرا عظم نے کہا کہ عوام کو اب اس بات کا اندازہ ہو گیا ہے کہ جس ملک میں کرپشن ہوتی ہے وہ ترقی نہیں کرسکتا۔ جن ممالک میں وسائل کے باوجود کرپشن ہے وہ زوال کا شکار ہیں۔ منی لانڈرنگ کی وجہ سے روپے پر فرق پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ معاشروں میں سرمایہ کاری نہیں آتی۔ اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد موجود ہے جن کی پاکستان میں سرمایہ کاری سے بہت فرق پڑ سکتا ہے لیکن وہ کرپشن کی وجہ سے اپنی رقم پاکستان میں انویسٹ نہیں کرتے۔

یہ بھی پڑھیں حجاج کرام کی رقم پر ملنے والے سود کی تفصیلات سامنے آ گئیں

وزیر اعظم نے کہا کہ ملتان کی عوام کہہ رہی ہے ہمیں میٹرو نہیں چاہیے، وہاں میٹرو  خالی چل رہی ہے جس کی وجہ سے حکومت کو اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف جہاد کرنا ہمارا بنیادی ایجنڈا ہے۔ ہم قائد اعظم کا پاکستان بنا کر رہیں گے، نہ کرپشن کریں گے اور نہ ہی کرنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے ہوتے ہوئے کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر کرسکتا۔ اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ نے ایک ایپ لانچ کر دی ہے جس کے ذریعے کوئی بھی شخص کسی بھی ادارے یا شخص کے خلاف اپنی شکایت درج کرا سکتا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اینٹی کرپشن پنجاب نے 132 ارب روپے کی زمین واہگزار کی ہے اور پونے 5 ارب روپے سرکاری خزانے یں جمع کرائے جبکہ 2 ہزار افراد کو مختلف مقدمات میں گرفتار کیا گیا۔


متعلقہ خبریں