نواز سزا کے باوجود آزاد، زرداری بے گناہ مگر قید میں، بلاول


اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان جھوٹ بولنا بند کریں اور عوامی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پمز اسپتال کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور ہم 27 دسمبر کو لیاقت باغ سے سلیکٹڈ حکومت کو للکاریں گے۔ سابق صدر آصف علی زرداری کو بھی وہ سہولیات ملنی چاہیئیں جو عام آدمی کو مل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام یہ کٹھ پتلی تماشا نہیں دیکھنا چاہتے بلکہ وہ اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ حکومت مہنگائی کو قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے جبکہ عوام کو معلوم ہے کہ ہمارا وزیر اعظم نالائق ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ بی آر ٹی سمیت دیگر حکومتی منصوبوں کی بھی تحقیقات ہونی چاہیئیں جن کی تحقیقات رکوانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ وفاقی حکومت کا احتساب کیوں نہیں ہوتا۔

انہوں ںے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کو ملک سے باہر بھیجنے کے بعد اب عمران خان کہتے ہیں میں انہیں نہیں چھوڑوں گا، وہ ڈرامے بازی کر رہے ہیں اور ان کے خلاف بیانات دے رہے ہیں وہ یہ تماشہ بند کریں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ نواز شریف اپنی سزا بھگت رہے تھے لیکن انہیں جیل سے نکال کر ملک سے باہر بھیجا گیا لیکن آصف علی زرداری پر صرف الزامات ہیں۔ دونوں کے مقدمات میں فرق ہے۔ ہمیں امید ہے عدالتوں سے ضرور انصاف ملے گا۔ حکومت مخالفین کو دباؤ میں رکھنے کے لیے مختلف حربے استعمال کر رہی ہے۔

انہوں ںے کہا کہ آج وزیر اعظم نے کرپشن کو روکنے کے لیے موبائل ایپ کا افتتاح کیا ہے وہ بتائیں حکومت ایوانوں میں بیٹھے کرپٹ لوگوں کو کیوں نہیں پکڑ سکتی۔

یہ بھی پڑھیں ملتان میٹرو کی وجہ سے اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، وزیر اعظم

بلاول بھٹو نے کہا کہ حزب اختلاف کی کوشش ہے اداروں کو مضبوط بنایا جائے لیکن حکومت سیاسی مخالفین پر دباؤ ڈالنا چاہتی ہے۔

انہوں ںے کہا کہ آصف علی زرداری کے لیے ماہر قلب ڈاکٹر ندیم کا انتخاب کیا گیا ہے اور سابق صدر کا علاج کراچی سے کرایا جائے گا۔


متعلقہ خبریں