ملک کے متعدد علاقوں میں بارش کی پیش گوئی

فائل فوٹو


اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ شمال مغربی بلوچستان، بالائی خیبرپختو نخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں منگل کی صبح ہلکے بادل چھائے رہے اور سردی کی شدت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ صبح کے وقت اسلام آباد کا درجہ حرات 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو زیادہ سے زیادہ 18 تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے اضلاع نارووال، سیالکوٹ،گوجرانوالہ ، لاہور اور بہاولپور کے اضلاع میں صبح کے وقت ہلکی دھند پڑنے کا امکان ہے تاہم دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہے گا تا ہم کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ، چاغی اور تربت کے اضلاع میں چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ دیر، سوات، چترال، پشاور، ایبٹ آباد اور ہزارہ کے اضلاع میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تاہم بالائی سندھ میں چند مقامات پر صبح کے اوقات میں ہلکی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہا۔ سب سے زیادہ سردی استور اور سکردو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا


متعلقہ خبریں