چند ماہ میں سینکٹروں ارب روپے قومی خزانے میں آئیں گے، شیخ رشید

فوٹو: ہم نیوز


اسلام آباد: وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں عمران خان کے علاوہ ایسا کوئی لیڈر نہیں جو وزیراعظم بن سکے، حزب اختلاف محض جملہ بازی کی سیاست کر رہی ہے۔

نجی ٹی وی کو دیئے گئےانٹرویو میں وزیر ریلوے نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی پلی بارگین کی باتیں شروع ہوئی ہیں جس سے تین چار ماہ کے اندر سینکڑوں بلین روپے قومی خزانے میں آ جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت کے خلاف کیسز پر لاہور میں ایک ٹائر نہیں جلا، یہ لوگ اب حکومت کے لئے خطرہ نہیں رہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں تین گروپ بن چکے ہیں، ایک مریم نواز کا گروپ ہے، دوسرا شہباز شریف اور تیسرا شاہد خاقان عباسی کا ہے، یہ وقت بتائے گا کہ کون سا گروپ مسلم لیگ ن کی قیادت سنبھالے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب بیروکریسی کام نہیں کرتی تو صوبہ متاثر ہوتا ہے، اب عمران خان براہ راست پنجاب کو دیکھ رہے ہیں، چند ماہ میں اس صوبے میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو دکھ ہے کہ انھیں نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ کے بارے میں غلط معلومات دی گئیں، صحت کا ایسا ڈرامہ رچایا گیا کہ انھیں باہر بھیجنا ہی مناسب سمجھا۔

معاشی صورتحال بارے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم معیشت سے مطمئن تاہم مہنگائی کی وجہ سے پریشان ہیں۔ دس روپے ڈالر کم ہوا ہے۔ عالمی ادارے بھی معاشی کارکردگی کا اعتراف کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں ہمیشہ عوام کی بات کرتا ہوں۔ مہنگائی کرنے والوں کو شکنجے میں لانا ہوگا یہ غریب عوام کا بہت بڑا مسئلہ ہے، اس میں کمی آنی چاہیے۔

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف روز کوٹ اور ہیٹ بدل رہے ہیں۔ وہ کتنے دن لندن میں بیٹھ کر ڈرامے کریں گے۔


متعلقہ خبریں