بی آر ٹی منصوبے کی تحقیقات رکوانے کیلئے اپیل تیار

بی آر ٹی منصوبے کے افتتاح کی ڈیڈ لائن ایک بار پھر تبدیل

فوٹو: فائل


پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے بس ریپڈٹرانزٹ(بی آر ٹی) منصوبے کی تحقیقات رکوانے کے لیے اپیل تیار کر لی ہے جو رواں ہفتے سپریم کورٹ میں دائر کی جائےگی۔

ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شمائل بٹ کا کہنا تھا کہ اپیل دائر کرنے کا مقصد یہ نہیں کہ ہم احتساب نہیں چاہتے، بی آر ٹی منصوبے سے متعلق تحقیقات کے احکامات پہلے بھی سپریم کورٹ روک چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں لیکن اس موقع پر تحقیقات سے معاملہ کسی اور طرف چلا جائے گا۔

شمائل بٹ کا کہنا تھا کہ ہم نے اپیل تیار کرلی ہے جلد سپریم کورٹ کی پشاور رجسٹری میں دائر کریں گے، اپیل دائر کردی جائے تو سب کو معلوم ہوجائے گا کہ کیا موقف اختیار کیا گیا۔

پشاور ہائی کورٹ نے چند روز پہلے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) کے بارے میں دائر پیٹیشن پر تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا جس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے کہا گیا ہے کہ وہ 45 روز میں اس منصوبے کی انکوائری مکمل کرے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائے۔

خیال رہے کہ  5 ستمبر 2018 کو اس وقت کے چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے تین رکنی بینچ نےخیبرپختونخوا حکومت کی درخواست  پر پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا تھا جس میں نیب کومذکورہ منصوبے کی تحقیقات کا اختیار دیا گیا تھا۔

پشاور ہائی کورٹ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنماء امان اللہ حقانی کی درخواست پر فیصلہ دیا تھا۔


متعلقہ خبریں