پاکستانی زرمبادلہ کے ذخائر نو ماہ کی بلند ترین سطح پر


کراچی: ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی) سے 1 ارب 30 کروڑ ڈالر ملنے سے  پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر 9 ماہ کی بلند ترین سطح  17ارب 29 کروڑ ڈالر پر پہنچ گئے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے پاس 10 ارب 41 کروڑ ڈالر اور دیگر بینکوں کے پاس 6 ارب 88 کروڑ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔ رواں مالی سال زرمبادلہ ذخائر میں 3 ارب 10 کروڑ ڈالر اضافہ ہوا۔

اے ڈی بی نے 6 دسمبرکو فنڈز کی منظوری دی تھی جو پاکستان کو بجٹ سپورٹ اور دیگر ترقیاتی پیکیج کی مد میں دیے جا رہے ہیں۔ مذکورہ رقم پاکستان کو ایمرجنسی مالی ضروریات پوری کرنے اور معیشت کومنفی اثرات سے بچانےمیں مدد گار ثابت ہوگی۔

خیال رہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایک پروگرام کے تحت پاکستان کو ایک ارب ڈالر ایمرجنسی بجٹ سپورٹ اور تیس کروڑ ڈالر توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے لیے دینے کا فیصلہ کیا۔

پروگرام کے تحت توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی جائیں گی جن کا مقصد گردشی قرض کی بنیادی وجوہات کی نشاندہی کرنا، سبسڈی کے ناکافی نظام کو بہتر بنانا اور پیداواری لاگت کم کرنے پر توجہ دینا ہو گا۔

اس منصوبے کا مقصد بڑھتے ہوئے گردشی قرضوں میں تیزی سے کمی لانا اور پہلے سے جمع شدہ قرض ختم کرنے کے لیے پالیسی تیار کرنا ہے۔


متعلقہ خبریں