این اے120 کے انتخابی نتائج کالعدم قرار دینےکی استدعا


لاہور: تحریک انصاف کی رہنما یاسمین راشد نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ حلقہ این اے-120 کے انتخابات اور اس کے نتائج کالعدم قرار دیے جائیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے یہ استدعا لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں کی جس کی سماعت جسٹس امین الدین خان نے کی۔

عدالت کی جانب سے نوازشریف کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد قومی اسمبلی کے حلقے این اے 120 (لاہور) کی نشست خالی ہوئی تھی۔۔

بعد ازاں اس نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں سابق وزیراعظم کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کامیاب قرار پائی تھیں۔

یاسمین راشد نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عدالت کے روبروحلقےمیں غیر مصدقہ ووٹوں کی موجودگی تسلیم کی تھی۔

ضمنی انتخاب میں بیگم کلثوم نواز سے شکست کھانے والی یاسمین راشد نے مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن نے غیر مصدقہ ووٹوں کو منسوخ کئے بغیر انتخابات کرائے۔

درخواست گذار نے الزام عائد کیا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کو جتوانے کے لئے سرکاری مشینری اور وسائل استعمال کئے گئے۔

پی ٹی آئی رہنما نے درخواست میں بیگم  کلثوم نواز کی کامیابی کو غیر تصدیق شدہ 28 ہزار ووٹوں کا شاخسانہ قرار دیا۔

دوران سماعت درخواست گذار کے وکیل نے مقدمہ کی تیاری کے لئے وقت دینے کی استدعا کی ۔

سرکاری وکیل نے اس موقع پر کہا کہ درخواست قابل سماعت ہی نہیں ہے لہذا اسے خارج کیا جائے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس امین الدین خان نے وکلا کے دلائل سننے کے بعد سماعت 27 مارچ تک کے لئے ملتوی کردی۔


متعلقہ خبریں