ہم فلمز کا ایک اور شاہکار ’سچ‘ ریلیز کیلئے تیار


لاہور: خواتین کو بااختیار بنانے کے موضوع پر بنائی گئی ہم فلمز کی نئی پیشکش ’سچ‘ سینما گھروں کی زینت بننے کو تیار ہے۔

اسکاٹ لینڈ کے خوبصورت مقامات پر فلمائی گئی اس فلم میں علیزے شیخ کو متعارف کرایا گیا ہے جن کے مقابل اسد زمان خان جلوہ گر ہوں گے جب کہ کاسٹ میں جاوید شیخ، مرینہ خان اور دیگر شامل ہیں۔

فلم کی تشہیر کے لیے لاہور میں موجود ٹیم نے امید ظاہر کی کہ فلم ان کی اداکاری مداحوں کو خوب بھائے گی۔

مداحوں سے گفتگو کے دوران ’سچ‘ کے مرکزی اداکار اسد زمان کا کہنا تھا کہ فلم کا تجربہ بہت اچھا رہا، اس کی اسٹوری منفرد ہے جس میں اچھے طریقے سے اداکاری کرکے کردار نبھانے کی کوشش کی ہے، امید ہے شائقین کی امیدوں پر پورا اتروں گا۔

فلم کے ڈائریکٹر ذوالفقارشیخ اور پروڈیوسر تسمینہ شیخ نے کہا کہ ہم نے تین سال کی محنت کے بعد فلم بنائی ہے جس میں خواتین کو بااختیار بنانے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ تفریحی اور سماجی پیغامات سے بھرپور یہ فلم شائقین کے دل میں گھر کر لے گی۔

’سچ‘ کے ڈائیلاگ حسینہ معین نے لکھے ہیں جب کہ میوزک وقار علی نے ترتیب دیا ہے۔

فلم 20 دسمبر کو ملک بھر کے سینما گھروں میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں