سعودی سرمایہ کاروں کے وفد کا مختلف شعبوں میں دلچسپی کا اظہار


لاہور: پاکستان کے دورے پر آئے سعودی وفد کے ترجمان فہد بن محمد الباش کا کہنا ہے کہ تعلیم کے شعبے میں پاکستانیوں کی خدمات حاصل کرنے کے لیے جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے یہ بات اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے سعودی سرمایہ کاروں کے وفد کی ملاقات کے دوران کہی، ان کا کہنا تھا کہ وہ سیالکوٹ میں آلات جراحی اور کھیلوں کے سامان کا بھی جائزہ لے رہے ہیں، یہ دورہ کامیاب ثابت ہو گا۔

فہد بن محمد الباش کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے بہت گنجائش موجود ہے، ہم باہمی معاشی تعلقات کو مزید فروغ دیں گے اور اس مقصد کیلئے مزید دورے کریں گے۔

مسلم ممالک کے تعلقات میں فروغ کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسلامی ممالک کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

سعودی عرب کے ممتاز سرمایہ کاروں پر مشتمل وفد سے ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان معاشی تعاون کو فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی عرب کے ممتاز سرمایہ کاروں کی پاکستان میں زراعت، ٹیکسٹائل، چاول، گوشت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا۔

اس موقع پر سعودی وفد کی جانب سے پاکستان کو بھی مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کی پیشکش کی گئی۔

سعودی وفد سے گفتگو کے دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں ہر گزرتے وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے عوام مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں اور پاکستانی سعودیی کے ساتھ  تعلقات پر فخر کرتے ہیں۔

چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور پنجاب اسمبلی آنے پر سعودی سرمایہ کاروں اور سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں، شاہ فیصل بھی اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر پنجاب اسمبلی آئے تھے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے سعودی وفد سے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستانی حکومت سعودی سرمایہ کاروں کی مکمل حوصلہ افزائی کرے گی۔

چوہدری پرویز الٰہی نے وفد کے ارکان کو اسمبلی ایوان اور عمارت کا بھی وزٹ کرایا اور اسمبلی کی پرفارمنس بارے بریف بھی کیا۔

یاد رہے کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار اس سے قبل سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ پاکستان آئے تھے، موجودہ دورہ اسی سلسلے کی اگلی کڑی ہے۔


متعلقہ خبریں