قومی اسمبلی: فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان کے بل پر حکومتی اراکین تقسیم

قومی اسمبلی: فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان کے بل پر حکومتی اراکین تقسیم

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی اور فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان کے پیش کردہ بل نے حکومتی اراکین کو بھی تقسیم کردیا۔ ایوان میں کرائی جانے والی رائے شماری کے بعد بل پیش کرنے کی اجازت نہیں ملی۔

عالمگیر خان نے سیوریج سے بھری بالٹی وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے الٹ دی

ہم نیوز کے مطابق فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان نے قومی اسمبلی میں بل پیش کیا کہ پانچ ستارہ (فائیو اسٹار) ہوٹلوں کے باہر دروازوں پہ کھڑے دربانوں کو اچھے کپڑے اور پگڑیاں پہننے سے روکا جائے۔

پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کراچی سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی نے ایوان زیریں میں پیش کردہ بل میں مؤقف اپنایا تھا کہ یہ انگریزوں کی سازش تھی کہ ہوٹلوں کے باہر پگڑیاں اور اچھے کپڑے دربانوں کو پہنا کر برصغیر کے معززین کو احساس کمتری میں مبتلا کیا جائے۔

ہم نیوز کے مطابق عالمگیر خان نے اپنے بل میں واضح طور پر کہا کہ پگڑیاں اور شیروانیاں ہمارے معززین کا لباس ہے لہذا اس کو روکا جائے۔

پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی کی جانب سے پیش کردہ بل کی مخالفت کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ اس قسم کے بل لا کر ایوان کا وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے بل کی شدید مخالفت کی۔

ہم نیوز کے مطابق پیش کردہ بل کی مخالفت اپوزیشن کی جانب سے بھی کی گئی اور پی پی پی کے رکن قومی اسمبلی و سابق وفاقی وزیر برائے دفاع نوید قمرالزماں شاہ نے کہا کہ سب شہری برابر ہیں۔

عالمگیر خان کی جانب سے پیش کردہ بل کو ایوان مین پیش کرنے کی اجازت دی جائے یا نہیں؟ اس پر جب رائے شماری کرائی گئی تو 80 کے مقابلے میں 71 ووٹوں سے تحریک مسترد کردی گئی۔

کراچی کے اصل مسائل بلدیاتی ہیں، عالمگیر خان

ہم نیوز کے مطابق تحریک مسترد ہونے کی وجہ سے عالمگیر خان کے بل کو پیش کرنے کی اجازت نہیں ملی۔


متعلقہ خبریں