چیف الیکشن کمیشن کا تقرر: عمران خان، شہباز شریف میں مشاورتی عمل نہ ہوسکا


اسلام آباد: چیف الیکشن کمیشن کے تقرر کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف میں مشاورتی عمل نہ ہوسکا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ اب یہ معاملہ کل پارلیمانی کمیٹی میں زیر بحث آنے کا امکان ہے۔

الیکشن کمیشن اور ممبران کے تقرر کے لئے وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف میں مشاورت آئینی تقاضا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف نے اپنے اپنے نام دے دیے لیکن براہ راست  مشاورت نہ ہوسکی۔

انہوں نے بتایا کہ سامنے آنے والے ناموں پر دونوں پارٹیوں نے سینئر پارٹی قیادت کی سطح پر غور کیا گیا۔

بتایا جارہا ہے کہ ن لیگ نے حکومتی ناموں میں فضل عباس میکن پر نیم رضامندی ظاہر کی جبکہ حکومت کی جانب سے اپوزیشن کی نامزدگیاں میں اخلاق تارڑ کو بہتر قرار دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حکومت کی چیف الیکشن کمشنر کے لئے ترجیح موجودہ سیکریٹری بابر یعقوب ہیں تاہم ن لیگ کے اس حوالے سے کچھ تحفظات ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی میں کچھ لو کچھ دو کے تحت معاملہ حل ہوسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن چیف الیکشن کمشنر کے لئے حکومت کی حمایت کے بدلے سندھ اور بلوچستان سے اپنے ناموں کی منظوری چاہتی ہے۔


متعلقہ خبریں