نیب کا خورشید شاہ کیس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ

خورشید شاہ کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کے الزام میں  گرفتار پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کے خلاف کیس کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب نے خورشید شاہ کے خلاف جے آئی ٹی بنانے کے لیے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو، ڈائریکٹر جنرل وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) اور چیئرمین سیکیوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کو خط لکھ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نے خورشید شاہ کو گرفتار کرلیا

نیب  نے تینوں اداروں سے وائٹ کالر کرائم  کے ماہر تفتیشی افسر مانگ لیے ہیں۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ کیس میں ریفرنس دائر کرنے سے پہلے جےآئی ٹی کی تحقیقات ضروری ہے۔

ذرائع کے مطابق سید خورشید شاہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے معاملے پر نیب سکھر کی تفتیش جاری ہے۔

اس سے قبل نیب سکھر ٹیم نے روہڑی میں قائم گلف ہوٹل کی پیمائش کر کے وہاں موجود افراد کے بیانات قلمبند کیے اور روہڑی مختیار کار آفس پر بھی چھاپہ مارا تھا۔

نیب کی ٹیم روہڑی مختیار کار آفس سے گلف ہوٹل سمیت کچھ ریکارڈ بھی تحویل میں لے کر اپنے ہمراہ لے گئی تھی۔

 


متعلقہ خبریں