فلم ’’سچ‘‘ 20 دسمبر کو ملک بھر کی سینما گھروں میں ریلیز کر دی جائے گی

فلم ’’سچ‘‘ 20 دسمبر کو ملک بھر کی سینما گھروں میں ریلیز کر دی جائے گی

لاہور: ہم فلمز کے اشتراک سے بننے والی فلم ’’سچ‘‘ 20 دسمبر کو ملک بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کر دی جائے گی۔ 

ہم فلمز کے اشتراک سے بننے والی پاکستانی اردو فلم “سچ” کی کاسٹ گورنر ہاؤس لاہور پہنچ گئی۔ ہم فلمز کے بینر تلے نئی پاکستانی فلم سچ ریلیز ہونے کے لیے تیار ہے اور فلم کی کاسٹ تشہیری مہم میں مصروف ہے۔

گورنر پنجاب کی دعوت پر فلم کے ڈائریکٹر، اداکار ذوالفقار شیخ، تسنیمہ شیخ، علیزے شیخ، اسد زمان خان اور اشرف خان گورنر ہاؤس لاہور پہنچے اورگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے فلم کی کاسٹ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اپنی نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ فلم “سچ” اوورسیز پاکستانیوں نے بنائی ہے۔ جو ان کی پاکستانیوں سے محبت کا واضح ثبوت ہے۔

گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فلم ڈائریکٹر ذوالفقار شیخ نے کہا کہ یہ فلم ہم نے 4 سال کی محنت سے مکمل کی ہے۔ جس میں ملک کے نامور فنکار شامل ہیں۔ فلم میں تفریح کے ساتھ ساتھ سماجی پیغام بھی ہے۔

ذوالفقار شیخ نے کہا کہ ہم نے مکمل فیملی فلم بنائی ہے جسے فلم کی طرز پر بنایا گیا ہے نہ کہ ڈرامے کی طرز پر۔ میری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ فلموں اور ڈراموں میں خوبصورتی دکھائی جائے اس لیے اسکاٹ لینڈ کے خوبصورت مقامات پر فلم بنائی اور فلم میں نئے اور پرانے لوگوں کو ملا کر ایک حسین امتزاج تیار کیا ہے۔

فلم کی پروڈیوسر تسمینہ شیخ نے کہا کہ آج ہم اپنی فلم کے پروموز لانچ کر رہے ہیں اور میں ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی صاحبہ کی شکرگزار ہوں جو ہماری اس فلم میں تعاون کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں ہم فلمز کا ایک اور شاہکار ’سچ‘ ریلیز کیلئے تیار

فلم کے ہیرو اسد زمان نے کہا کہ میرا کردار ایک مہذب لڑکے کا ہے جو کہ اپنے خاندان کے مختلف معاملات اور مسائل کا سامنا کر رہا ہوتا ہے جو گردش دوراں سے بخوبی نبرد آزما ہے جسے محبت ہو جاتی ہے اور فلم کی کہانی میں سسپنس آجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلم میں تمام کاسٹ کے ساتھ ہماری کیمسٹری تمام شائقین کو بہت پسند آئے گی، پاکستانی شائقین کو ایک نئی طرح کی فلم پہلی دفعہ دیکھنے کو ملے گی۔

فلم میں راحت فتح علی خان کی آواز میں گانے نے فلم کی شان کو چار چاند لگا دیے ہیں، فلم 20 دسمبر کو ملک بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہو گی۔


متعلقہ خبریں