پی ٹی آئی کی حمایت کی درخواست، جماعت اسلامی مان گئی


اسلام آباد: جماعت اسلامی نے ایوان بالا( سینیٹ) میں قائد حزب اختلاف کی نشست کے لئے تحریک انصاف کے امیدوار اعظم سواتی کی حمایت کا اعلان کردیا۔

بدھ کو سینیٹر اعظم سواتی کی قیادت میں تحریک انصاف کے وفد نے جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی۔

پی ٹی آئی نے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لئے جماعت اسلامی سے حمایت کی درخواست کی۔ جواب میں سراج الحق نے پی ٹی آئی وفد کو یقین دلایا کہ وہ ایوان بالا میں انہی کی حمایت کریں گے۔

تحریک انصاف کے وفد نے حمایت کی یقین دہانی ملنے کے بعد جماعت اسلامی کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا۔

جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف صوبہ خیبرپختونخوا میں ایک دوسرے کی اتحادی ہیں۔ 12 مارچ کو چئیرمین و ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کے انتخاب کے لئے تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی جب کہ جماعت اسلامی نے ن لیگ کے نامزد کردہ امیدوار کی حمایت کی تھی۔

دریں اثناء جماعت اسلامی نے سینیٹ میں اپوزیشن بینچوں پر ہی رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پارٹی سربراہ اور سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر سراج الحق نے سیکرٹری سینیٹ کو اس مقصد کے لئے باقاعدہ درخواست بھی دے دی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ جماعت اسلامی کے سینیٹرز کو اپوزیشن کی نشستیں الاٹ کی جائیں۔

سینیٹ چئیرمین کے حالیہ انتخاب سے قبل بھی جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹ میں اپوزیشن بینچوں پر ہی موجود تھے۔


متعلقہ خبریں