سری لنکا کے خلاف پہلا ٹیسٹ، بولرز کے باعث پاکستان کا پلڑا بھاری


راولپنڈی: دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے پہلے روز سری لنکا نے پاکستان کے خلاف 202 رنز بنالیے جبکہ گرین شرٹس پانچ بلے بازوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے تاریخی میچ میں سری لنکن کپتان دیمتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں درست ثابت ہوا۔

سری لنکن سلامی بلے بازوں نے ٹیم کو 96 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ کرونارتنے 59 جبکہ اوشادہ فرنینڈو 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکن مڈل آرڈر اوپنرز کے شاندار آغاز سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور وقفے وقفے سے مہمان ٹیم کی وکٹیں گرتی رہیں۔

کوسل مینڈس 10، دنیش چندی مل دو جبکہ اینجیلو میتھیوز 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

دن کے اختتام پر دھننجیا ڈی سلوا اور نروشن ڈک والا بالترتیب 38 اور 11 رنز بناکر کریز پر موجود تھے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے دو جبکہ شاہین آفریدی، عثمان شنوری اور محمدعباس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

خراب روشنی کے باعث میچ کو 48 منٹ قبل روک دیا گیا جس کے باعث 22.5 اوورز کا کھیل ضائع ہوا۔

قومی ٹیم کی قیادت اظہرعلی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عابد علی، شان مسعود، بابر اعظم، اسد شفیق، حارث سہیل، محمد رضوان، نسیم شاہ، عثمان شنواری، محمد عباس اور شاہین شاہ آفریدی ٹیم میں شامل ہیں۔

شاہین آفریدی فٹ پیں، پی سی بی

میچ کے دوران قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر شاہین آفریدی انجری کی وجہ سے میدان سے باہر چلے گئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق شاہین آفریدی اب فٹ اور بولنگ کے لیے دستیاب ہیں۔

 


متعلقہ خبریں