لاہور ہائی کورٹ میں شہباز شریف کے خلاف ایک اور درخواست دائر

عمران اپنے ماضی کے قیدی اور حقیقت سے نابلد ہیں،شہباز شریف

لاہور: سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی ٹی آئی بی) ڈاکٹر عمر سیف کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

درخواست جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈوکیٹ نے دائر کی ہے جس میں چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر عمر سیف انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبہ میں اربوں کرپشن کرنے میں ملوث ہیں۔

درخواست کے متن کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے سافٹ وئیر میں بھی بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ہوئی ہیں اور ناقص کیس مینجمنٹ سسٹم کے باعث وکلا اور سائیلین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

اظہر صدیق ایڈوکیٹ نے درخواست میں تحریر کیا ہے کہ نیب میں ڈاکٹر عمر سیف کے خلاف 3 درخواستیں دے چکا ہوں، اب میری لاہور ہائی کورٹ سے استدعا ہے کہ نیب کو ڈاکٹر عمر سیف اور سابق وزیراعلیٰ شہباز شریف کیخلاف انکوائری کرنے کا حکم دیا جائے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہباز شریف کے اثاثوں میں دس سال کے دوران 70 گنا اضافہ ہوا ہے۔

معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر اور وزیر مواصلات مراد سعید نے پریس کانفرنس کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا تھا کہ نیب کی تحقیقات کے مطابق شہباز شریف فیملی اثاثوں میں ہوشربا اضافہ ہوا۔

شہزاد اکبر کے مطابق سلمان شہباز کے اثاثے دس سال کے دوران 8 ہزار گنا بڑھے ہیں۔ ٹی ٹیز کی رقم سے 32 ،33 کمپنیاں بنائی گئیں،جس سے کاروبار کے ایمپائر کھڑے کیے گئے۔


متعلقہ خبریں