گاڑی کےبجائے سائیکل پر جانے والے حکومتی عہدیدار سے ملیے


اسلام آباد: ڈائریکٹر ٹیکنیکل نیشنل انرجی کنزرویشن اسد محمود نے کہا ہے کہ میری جس ادارے سے وابستگی ہے اس کا مقصد اللہ کی دی ہوئی نعمتوں کی حفاظت کرنا ہے۔

ہم نیوز کے پروگرام ’صبح سے آگے‘ میں میزبان شفاء یوسفزئی اور اویس منگل والا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی نعمتوں کو بہت زیادہ احتیاط اور خیال سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے، میں سب کے لیے ایک مثال قائم کرنا چاہتا ہوں اور یہ بھی ایک وجہ ہے کہ میں گاڑی کے بجائے سائیکل پر دفتر آتا جاتا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اکثر لوگ سائیکل کے استعمال میں برائی دیکھتے ہیں لیکن لوگوں کی باتوں پر کان دھرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے لہٰذا منفی باتوں کو نظر انداز کرنا چاہیئے۔ جلد ہی ان لوگوں کو بھی اس کے فوائد نظر اور سمجھ آنے لگ جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سائیکل چلانے کے لیے سرد موسم بہترین ہے کیونکہ گرمی اور پسینے کا خطرہ نہیں ہوتا۔ گرمی کے موسم میں پسینہ آ جاتا ہے جو کہ کپڑے خراب کر دیتا ہے۔ دفتر جاتے ہوئے لباس کا خیال رکھنا بہت ضروری ہے اسی وجہ سے میں موسم اور فاصلے کو مد نظر رکھتے ہوئے سائیکل پر سفر کرتا ہوں۔

اسد محمود کا کہنا تھا کہ وہ روزانہ تقریباً پانچ سے آٹھ کلومیٹر کا سفر سائیکل پر طے کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ میں جب لوگوں سے ملنے جاتا ہوں اور انہیں پتہ چلتا ہے کہ سائیکل پر آیا ہوں تو اس چیز کو بہت سراہا جاتا ہے، اکثر لوگ مجھے ’سائیکل والے بابو‘ کہہ کر پکارتے ہیں۔


متعلقہ خبریں