زرداری اب کھلاڑی کا شکار کریں گے، بلاول

حکومت کا یہ آخری سال ہے، چیئرمین پی پی پی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کے والد سابق صدر آصف علی زرداری باہر آرہے ہیں، اب ان کا علاج ہوگا اور وہ ’کھلاڑی‘ کا شکار کریں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ سے زرداری کی درخواست ضمانت منظور ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت کا یہ آخری سال ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی کے اشارے پر نہیں بلکہ عوام کی خواہش کو دیکھتے ہوئے یہ بات کررہے ہیں۔.

سماعت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے جج صاحبان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری کی ایک اور میڈیکل رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی گئی اور اسی بنیاد پر انہیں ضمانت ملی۔

انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) اور حکومت کا گٹھ جوڑ ہمیں روکنا چاہتا ہے۔

فریال تالپور کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کے کیس میں نیب حکام آج کمنٹس نہیں لے کر آئے اور 16 دسمبر تک انتظار کرنا پڑے گا۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت ایک کروڑ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کر لی۔

سابق صدر نے منی لانڈرنگ اور پارک لین کیس میں طبی بنیادوں پر ضمانت کی اپیل کی تھی۔

آصف زرداری نے درخواستوں میں موقف اپنایا کہ ٹرائل مکمل ہونے تک درخواست ضمانت منظور کی جائے۔

دوسری جانب فریال تالپور کی درخواست ضمانت پر عدالت کی جانب سے ہدایت کے باوجود نیب نے جواب جمع نہیں کرایا۔ وکیل نیب نے استدعا کی کہ جواب جمع کرانے کیلئے مزید وقت دیا جائے۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو نے عبوری ضمانت مسترد ہونے پر آصف علی زرداری کو 10 جون اور فریال تالپور کو 14 جون 2019 کو حراست میں لیا تھا۔

فریال تالپور پر بے نامی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ میں معاونت کا الزام ہے جب کہ آصف علی زرداری پر منی لانڈرنگ اور پارک لین کمپنی کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔


متعلقہ خبریں