وزیراعظم نے لاہور میں وکلاء گردی کا نوٹس لے لیا

وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جاری

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے  وکلاء کی جانب سے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر حملہ اور توڑ پھوڑ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب اور چیف سیکرٹری سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے لاہور میں مشتعل وکلاء کی جانب سے پی آئی سی پر حملے، ڈاکٹروں اور مریضوں پر تشدد کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومت کو ہدایت کی ہے قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے مال وجان اور املاک کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وکلاء کی جانب سے دل کے اسپتال پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہوگی۔ اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں لاہور جارہا ہوں اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: وکلاء کا لاہور کے اسپتال پر حملہ، توڑ پھوڑ، مریضہ جاں بحق

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسلام آباد میں اپنی مصروفیات منسوخ کردیں ار کہا کہ وہ فوری طور پر لاہور جارہے ہیں۔

واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سہ پہر ساڑھے چار بجے کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے عثمان بزدار کو فوری طور پر لاہور پہنچنے کی ہدایت کی تھی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار پنجاب کے ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات ادھوری چھوڑ کر واپس روانہ ہوگئے۔ وزیر اعلی پنجاب کی پارلیمنٹ ہاؤس میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے حکومتی ارکان سے ملاقات طے تھی۔


متعلقہ خبریں