وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سعودی ہم منصب سے ملاقات


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بدھ کے روز سعودی ہم منصب  فیصل بن فرحان بن عبداللہ سے ریاض میں ملاقات کی۔

سعودی وزارت خارجہ میں آمد پر سعودی وزیر خارجہ اور وزارت خارجہ  کے سینیئر حکام نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا خیرمقدم کیا

دوران ملاقات وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  اور سعودی  وزير خارجہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ  نے دو طرفہ تعلقات، مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے سعودی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان گذشتہ چار ماہ سے 80 لاکھ نہتے کشمیریوں کا مکمل محاصرہ کیے ہوئے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی خصوصی پیغام لے کر سری لنکا پہنچ گئے

انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے دنیا کو اصل حقائق سے بے خبر رکھنے کیلئے ذرائع مواصلات پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے اور بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام بھارتی ظلم و ستم سے نجات حاصل کرنے کے لیے عالمی برادری، بالخصوص مسلم امہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

دوران ملاقات دونوں وزرائے خارجہ کا کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور خطے میں امن و استحکام کیلئے باہمی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سعودی عرب کی وزارت خارجہ میں “وزٹر بک” میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔


متعلقہ خبریں