پنجاب بار کونسل نے صوبے بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا

پنجاب بار کونسل نے صوبے بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا

فوٹو: فائل


لاہور: پنجاب بار کونسل نے کل صوبے بھر میں ہڑتال کا اعلان کر دیا عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ رہے گا۔

انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) میں وکلا اور ڈاکٹر کے مابین ہونے والے معاملے پر پنجاب بار کونسل نے ہڑتال کا اعلان کیا۔

پنجاب بار کونسل کے مطابق پنجاب بھر کے وکلا جمعرات کو عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کریں گے اور واقعے کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ پنجاب بار کونسل نے واقعے پر کل ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا جس میں موجودہ صورتحال اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

بار کونسل کے مطابق وکلا ڈاکٹرز کے رویے کے خلاف پرامن احتجاج کے لیے پی آئی سی پہنچے تھے لیکن پرامن وکلا کو پولیس اور ڈاکٹرز کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

پنجاب بار کونسل کے رہنماؤں نے کہا کہ پولیس اور ڈاکٹروں کے تشدد سے کئی وکلا زخمی ہوئے جبکہ وکلا پر کیے جانے والے تشدد اور آنسو گیس شیلنگ کی مذمت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں اسپتال پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے، وزیر قانون پنجاب

بار کونسل کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ وکلا پر تشدد کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو گرفتار کیا جائے جبکہ تمام گرفتار وکلا کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔


متعلقہ خبریں