اسپتال حملہ، وزیراعظم کے بھانجے حسان خان کو ریلیف دیدیا گیا

وزیر اعظم عمران خان کے بھانجے حسان احمد خان نیازی کی ضمانت منظور

فائل فوٹو


لاہور میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) پر وکلاء کے حملے کے معاملے پر بااثر افراد کو نامزد نہیں کیا جارہا۔

ہم نیوز کے مطابق پنجاب پولیس کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان خان نیازی کو ریلیف دے دیا گیا جبکہ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حسان خان نیازی بھی پی آئی سی پر حملے میں شامل تھے۔

وزیراعظم کے بھانجے کو جلائے جانے والی پولیس موبائل کے پاس بھی دیکھا گیا۔

گزشتہ روز وکلاء نے پی آئی سی پر حملہ کرکے وہاں توڑ پھوڑ کی اور متعدد افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

بعدازاں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کارروائی کی گئی اور متعدد وکلاء کو حراست میں بھی لیا گیا۔

وکلاء نے ناصرف لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ اسپتال اور باہر پارک کی گئی متعدد گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے جبکہ ایک پولیس موبائل کو بھی نذر آتش کردیا گیا۔

کیپیٹل سٹی پولیس افسر(سی سی پی او) لاہور ذوالفقارحمید کے مطابق پی آئی سی پر دھاوا بولنے والے وکلا کیخلاف مقدمہ درج کرکے گرفتاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے متعدد وکلا کو گرفتار کیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ذرائع سے فوٹیجز حاصل کی گئی ہیں جن سے ملزمان کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار وکلا کو عدالت میں پیش کیا جائے گا اور ہنگامہ آرائی میں ملوث تمام افراد کے خلاف کارروائی ہوگی۔


متعلقہ خبریں