کرتار پور راہداری سیکیورٹی ونگ کا قیام: ای سی سی نے 30 کروڑ روپے منظور کر لیے


اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے جی ایچ کیو کی سفارشات پر کرتار پور راہداری کی سیکیورٹی کے لیے خصوصی  ونگ کے  قیام  کے  لیے 30 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی ہے۔

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں  ٹڈی دل کے حملوں پر قابو پانے کے لئے وزارت فوڈ سیکیورٹی کو فنڈز جاری کرنے کی سمری پر غور کیا گیا۔

ای سی سی نے ٹڈی دل پر قابو پانے کے لیے وزارت فوڈ سیکیورٹی کو 45 کروڑ 90 لاکھ کی ٹیکنیکل گرانٹ دینے کی منظوری دیدی۔

وزارت فوڈ سیکیورٹی کو آئندہ اجلاس میں ٹڈی دل پر قابو پانے کے اقدامات پر مکمل بریفنگ دینے کی ہدایت کردی گئی۔ وزارت بتائے کہ ملک کے کتنے علاقے پر سپرے کرکے ٹڈی دل کا خاتمہ کیا گیا۔

وزارت فوڈ سیکیورٹی کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ ملک کے 9 اضلاع  پر ٹڈی دل کا حملہ ہوا۔ محکمہ تحفظ جنگلات نے ایک لاکھ 70 ہزار ہیکٹر علاقہ ٹڈی دل سے صاف کرایا۔

یہ بھی پڑھیں: ای سی سی نے گندم کی امدادی قیمت میں 15 روپے فی من اضافے کی منظوری دے دی

ای سی سی نے انیکٹمنٹ آف پاکستان سنگل ونڈو بل 2019ء کی منظوری  دے دی، جس کے تحت کاروبار کیلئے 42 مختلف محکموں کے بجائے سنگل ونڈو آپریشن ہوسکے گا۔

ای سی سی نے قومی اقتصادی کونسل کی سالانہ رپورٹ کی بھی منظوری دے دی۔ اجلاس میں خیبر پختونخواہ کے آئل و گیس نیٹ ورک کی بحالی کی منظوری دے دی گئی خیبر پختونخواہ  کے مختلف اضلاع کو گیس کی فراہمی کی اسکیموں کی بھی منظوری دے دی گئی۔


متعلقہ خبریں